ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اترکنڑا پہنچے 12بیرونی ممالک کے مسافروں کی کووڈ رپورٹ نگیٹیو: عوام کو راحت، نئے سال کے جشن پر پابندی عائد

اترکنڑا پہنچے 12بیرونی ممالک کے مسافروں کی کووڈ رپورٹ نگیٹیو: عوام کو راحت، نئے سال کے جشن پر پابندی عائد

Fri, 25 Dec 2020 18:48:42    S.O. News Service

کاروار:25؍دسمبر (ایس اؤ نیوز) کورونا کی نئی ساخت بڑی تیز رفتار ی کے ساتھ پھیلنے کے خدشے کے درمیان ہی بیرونی ممالک سے اترکنڑا ضلع پہنچے 12مسافروں کی کووڈ رپورٹ نگیٹیو آنے سے عوام نے راحت کی سانس لی ہے۔ مگر سبھی مسافروں کو ہوم آئسولیشن میں رہنےکی ہدایت دی گئی ہے۔

منڈگوڈ کے 8،ڈانڈیلی اور کمٹہ کے  دودو لوگ برطانیہ سے ضلع پہنچے تھے۔ برطانیہ سے ضلع پہنچتے ہی ان کے سیمپل لے کر جانچ کے لئے بھیجے گئے تھے اب ان کی رپورٹ نگیٹیو آئی ہے۔ ضلع انتطامیہ نے پیشگی اقدامات کررہی ہے۔ ضلع کو لوٹنے والوں میں کچھ لوگ 14دن کا کوارنٹائن پورا کرچکے ہیں،چند لوگوں کو  ابھی کچھ دن گھر پر ہی رہنا ہوگا۔ اس کے بعدا نکی دوبارہ جانچ کی جائے گی۔

اترکنڑا ضلع ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے بتایا کہ سبھی مسافروں کی کووڈ رپورٹ نگیٹیو ضرور آئی ہے۔ لیکن پیشگی اقدامات کے طورپر انہیں آئسولیشن میں رکھاگیا ہے، ضلع میں بیرونی ممالک سے آنے والوں کی  کڑی نگرانی کی جارہی ہے، اسی طرح لوٹنے والوں کے متعلق صحت عامہ محکمہ کے زیر اہتمام  مکمل جانکاری حاصل کی  جارہی ہے۔ نئے سال کے موقع پر منائے جانے والے جشن پر پابندی عائد کی گئی ہے، سرکار کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط پر لازمی طور پر عمل کرنے کی بات کہی۔

لاک ڈاؤن کے بعد راحت کی سانس میں جی رہے ضلعی عوام کے لئے نئی ساخت والے کورونا وائرس کا خوف حیران کئے ہوئےہے،سیاحت پر بھی اس کے اثرات ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہاہے، گوکرن ، یانا، مرڈیشورسمیت مختلف سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی آمد آمد ہے۔ نومبر مہینے کی بات کریں تو ضلع کے مختلف مقاما ت پر 50476سیاح سفر کرچکے ہیں۔ جس میں خاص کر کاروار کے ٹیگور بیچ ، دیوباگ بیچ پر 6050، گوکرن کو 9625، یانا کو 1145،کاسرکوڈ 5290، مرڈیشور کو 11230، ڈانڈیلی وائلڈ لائف 3900،انچلی آبشار 1002،گوکرن کے اوم بیچ پر 9864سیاح سیر کرچکےہیں۔ ان میں کوئی بھی بیرونی ملک کا سیاح نہیں تھا۔ نئے سال کے جشن کی تیاری بڑے پرتپا ک طور پر جاری تھی ۔  ایسےمیں  نئی ساخت والے وائرس کی وجہ سے جشن پر پابندی عائد کی جارہی ہے جس کے نتیجے میں  سیاحوں کی تعداد میں خاطرخواہ کمی ہونے کا خدشہ طاہر کیا جارہاہے۔

نئے سال کا جشن منانے کے لئے جو لوگ گوا نہیں جاسکتےوہ ضلع کے مختلف مقامات پر جمع ہوکر جشن منانےکی تیاری میں تھے۔ کاروار، مرڈیشور، گوکرن، ڈانڈیلی ، جوئیڈا وغیرہ میں ریسارٹ سیاحوں سے پُر ہوگئے ہیں ، لیکن حالات کو دیکھتے ہوئے اس پر بھی قدغن لگانے کا خطرہ ہے۔


Share: